جموں و کشمیر میں آبی ذخائر تیزی سے سکڑ رہے ہیں: تاریگامی

0
196

سری نگر، 5 جون (یو این آئی) سی پی آئی (ایم) کے سینیئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ زمین پر بسنے والے لوگ قدرت کو نقصان پہنچانے اور اس کو مزید آلودہ کرنے سے باز آیٸں۔
ہفتے کو عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے جموں و کشمیر میں ماحولیاتی نظام کی مسلسل گراوٹ پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ خطے کے آبی ذخائر تیزی سے سکڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘یہ آبی ذخائر کوڑا کرکٹ جمع کرنے کی جگہ بن رہے ہیں۔ ٹھوس فضلہ نظام ہی ان آبی اداروں کو لاحق خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ جموں و کشمیر کا ماحولیاتی نظام نازک ہے اور اس کی مسلسل استحصال سے بہت سارے قدرتی جانداروں کو سنگین خطرہ لاحق ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘اس میں کشمیر کے جنگلی حیات کا تاج “ہانگل” شامل ہے۔ زمین کے استعمال میں تبدیلی سے ماحولیاتی نظام کو شدید خطرہ لاحق ہے کیونکہ جموں و کشمیر کی ماحولیات نازک ہے اور اسے انتظامیہ کی فوری توجہ کی ضرورت ہے’۔
تاریگامی نے کہا کہ یہ دن علامتی نہیں ہونا چاہئے بلکہ ایک مشن جہاں ہر ایک کو سال بھر ماحول کی حفاظت کا عہد کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا: ‘دنیا بالآخر آب و ہوا میں ردوبدل اور گلوبل وارمنگ کے معاملات پر جاگ رہی ہے اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے بڑے پیمانے پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ لیکن کیا یہ کافی ہےدیکھنا باقی ہے’۔
سی پی آئی (ایم) لیڈر نے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات ہر فرد کو بیدار کرنے کے لئے ایک مطالبہ ہے جو اپنے ماحول کی حفاظت کی ذمہ دار اٹھائیں اور روز مرہ کی زندگی میں پلاسٹک کے استعمال میں کمی کریں۔
انہوں نے کہا: ‘ہم سب کو مل کر ایک مثبت تبدیلی لانے کے لئے زمین کو ایک صحت مند، سبز اور خوشحال مقام بنانے کے لئے اٹھنا چاہئے۔ حقیقت یہ ہے کہ صرف صحت مند ماحولیاتی نظام کے ذریعہ ہی ہم لوگوں کی روزی روٹی بڑھا سکتے ہیں، آب و ہوا کی تبدیلیوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور حیاتیاتی تنوع کے خاتمے کو روک سکتے ہیں’